گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اداروں کو دھمکانے اور چیف سیکریٹری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سے متعلق مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے 7 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال نے رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی۔گجرات پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے اخراج رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی تاہم عدالت نے پولیس کی اخراج رپورٹ کو مسترد کر دیا۔
عدالت نے مقدمے کے اخراج کی رپورٹ مرتب کرنے پر ایس پی انویسٹی گیشن گجرات، متعلقہ ڈی ایس پی اور تفتیشی آفیسر کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے مقدمے کے ملزم رانا ثنا اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت پر تمام پولیس افسران کو عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزم رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔