پی ٹی ٹی آئی ٹریڈرزونگ کے صدر راجہ سکندر محمود نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پائوں پھولے ہوئے ہیں، عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت کے غریب کش اقدامات سے عوام کے لئے روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے رہی کسی کسر منی بجٹ نے پوری کر دی ہے ۔استعمال کی عام اشیا کی قیمتوں میں بھی اس قدر اضافہ کر دیا گیا ہے کہ لوگ روزمرہ استعمال کی ضروری چیزیں بھی خریدنے سے محروم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام اور عمران خان کی جیل بھرو تحریک کے ساتھ ہے۔راجہ سکندر نے کہا کہ ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے اور امپورٹڈ اور ملک دشمن حکومت سے جان چھڑانے کے لئے خان صاحب کی کال پر لبیک کہتے ہوئے راولپنڈی ضلع کی ٹریڈرز رنگ کی تمام تنظیمیں گرفتاری دینے کے لئے تیار ہیں۔