امریکی صدر غیر اعلانیہ دورے پر یوکرین پہنچ گئے

امریکی صدر جوبائیڈن  یوکرین کے دارالحکومت کیف کے غیر اعلانیہ دورے پر پہنچ گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین پر روس کے حملےکے بعد امریکی صدرکا یہ پہلا دورہ یوکرین ہے۔

 امریکی صدر کے دورے کے موقع پر کیف میں فضائی بمباری کے سائرن بھی بجے تاہم خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ کیف میں روسی میزائل یا بمباری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

امریکی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب یوکرین پر روس کے حملےکو ایک سال مکمل ہونے والا ہے۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق بائیڈن نے یوکرینی صدارتی محل میں صدر  ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو پیوٹن کا خیال تھا کہ یوکرین کمزور ہے اور مغرب تقسیم کا شکار ہے اس لیے ہمیں ختم کیا جاسکتا ہے مگر وہ انتہائی غلطی پر تھے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر یوکرین کو مزید 500 ملین ڈالرکا نیا فوجی امدادی پیکج دینے کا اعلان کیا۔جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ یوکرین کو دی جانے والی نئی فوجی امداد میں لائٹ ملٹی پل راکٹ لانچر بھی شامل ہیں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں پر بات ہوئی ہے، جوبائیڈن کا دورہ یوکرین کے شہریوں کے لیے حمایت کی اہم علامت ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --