پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 70 ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنےکے خلاف درخواستوں پر پنجاب کے ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواستوں میں نشاندہی کی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفے منظورکرنےکے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔

بیرسٹر علی ظفر نے نکتہ اٹھایا کہ قانون کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے پہلے اُن کا موقف سننا چاہیے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

 عدالت نے پی ٹی آئی کے  پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے پنجاب کے متعلقہ حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روکنےکا حکم دے دیا۔

درخواست پر مزیدکارروائی 7 مارچ کو ہوگی۔

خیال رہےکہ لاہور ہائی کورٹ اس سے قبل اپنے 8 فروری کے فیصلے میں پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنےکا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرچکی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنےکا نوٹیفکیشن7 مارچ تک معطل رہےگا اور اسی کے تناظر میں ضمنی الیکشن بھی معطل رہےگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --