وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ضلع بھمبر سے موصول ہونے والے معزور بچوں کے پیغام کا نوٹس لے لیا۔ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ضلع بھمبر سے موصول ہونے والے معزور بچوں کے ویڈیو پیغام پر نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر بھمبر اور اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیم کے ہمراہ خصوصی افراد وقاص، نعمان اور اویس کے گھر کا دورہ کیا اور معذور بچوں وقاص اور اسکے خاندان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر انہیں تین لاکھ روپے کی نقد ادائیگی کی۔
وقاص کے خاندان اور مقامی لوگوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا ویڈیو پیغام کا نوٹس لینے اور اس پر اقدامات اٹھانے پر شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمںشنر بھمبر کے ہمراہ اس موقع پر تحریک انصاف بھمبر کے رہنما ممبر ضلع کونسل عدیل علی شان، ممبر ضلع کونسل چوہدری ظفر اقبال اور ممبر میونسپل کمیٹی بھمبر چوہدری الطاف بھی موجود تھے۔ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر خصوصی افراد کی طرف سے وائرل ہونے ویڈیو پیغام پر نوٹس لیتے ہوئے مالی امداد اور ان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جسکے بعد ڈپٹی کمشنر بھمبر نے خصوصی افراد اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کر کے انکو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور انکے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے، معزور افراد کے کوٹے پر انکی ملازمت سمیت انکی آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ کے بندوبست کی یقین دہانی کروائی۔ ترجمان وزیر اعظم توصیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت اور انکے مسائل حل کرنا ہے ۔