سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عوام الناس کو منتبہ کیا جاتا ہے کہ وہ غیر منظور شدہ قرض فراہم والی ایپس "منی باکس” اور "منی کلب” کے ساتھ کسی قسم کے لین دین سے گریز کریں کیونکہ یہ دونوں ایپ غیر منظور شدہ ہیں اور قرض خواہوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ایس ای سی پی کے علم میں آیا ہے کہ مندرجہ بالا دونوں ایپس لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیز کا نام استعمال کر رہی ہیں تاکہ صارفین کا اعتماد حاصل کیا جا سکے لیکن واضح رہے ایس ای سی پی کی جانب سےکسی بھی لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنی کو "منی باکس” اور "منی کلب” نامی ایپس لانچ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ قانون کے مطابق لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیز کسی بھی ایپ کو ایس ای سی پی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد ہی جاری کر سکتی ہیں ۔ ایس ای سی پی ایپ کی جانچ پڑتال کے بعد صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ان لون ایپ کی منظوری دیتا ہے۔
ایس ای سی پی سےلائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیز اور ڈیجیٹل قرض دینے والی ایپس کی فہرست ایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی قرض دینے والے ادارے کے ساتھ لین دین کرنے سے پہلے نان بینکنگ فنانس کمپنیز اور ان کی مجاز ایپس کی ریگولیٹری حیثیت کی تصدیق کرلیں۔
ایس ای سی پی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان غیر لائسنس یافتہ ایپس کے آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے مطلع کر دیا گیا ہے۔ غیر مجاز سرگرمیوں اور غیر قانونی قرضوں میں ملوث کمپنیوں کے خلاف شکایاتcomplainats@secp.gov.pk پر بھیجی جا سکتی ہیں۔