60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کل شروع ہو گی

60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کل شروع ہو گی

لاہور میں پولیو وائرس کے کیس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا فیصلہ کر لیا گیا۔ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 13 تا 17 فروری 9 اضلاع میں چلائے جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 30 اضلاع میں جزوی انسدادِ پولیو مہم چلے گی، پنجاب کے 2 اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں بھی مجموعی طور پر مہم چلائی جائے گی۔

عبدالقادر پٹیل نے مزید بتایا کہ جنوبی خیبر پختون خوا کے 7 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی، جن میں بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی اور زیریں جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک سے پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے والدین کا تعاون بے حد ضروری ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --