مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تمام سکیورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے زیر صدارت انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی جی سیف سٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر داخلہ کو صوبہ میں انسداد دہشت گردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام سکیورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، اس سلسلہ میں تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تمام افراد بشمول غیر ملکی شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے، سکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور آئی بی مل کر کام کریں، وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کی ہدایت کی تاکہ ان اداروں میں قابل اور محنتی افراد آگے آئیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ سیف سٹی سے اس وقت 50 فیصد لاہور کی نگرانی کی جا رہی ہے، سیف سٹی سے لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے۔