سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے بم دھماکا، دو اہلکار شہید

سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے بم دھماکا، دو اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 3 دیگر زخمی ہو گئے۔

کانسٹیبل لیویز جمال شاہ کے مطابق کوہلو کے وسطی علاقے تڑیمڑ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بم دھماکا ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، جنہیں کوہلو کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو کوہلو ڈاکٹر اصغر مری نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام طبی عملے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو الرٹ کر دیا۔

واضح رہے کہ 4 فروری کو بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور اس کے بعد مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایک فوجی شہید اہلکار اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --