راجہ سکندر محمود ضلعی صدرپی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ نے ایک بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںبڑا اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔حکومت کی عوام کش پالیسیوں سے مہنگائی کا بہت بڑا سونامی آچکا ہے،اس حکومت کی بے حسی سے کھانے پینے کی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے غریب آدمی کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ،اور ملک میں غربت مزید بڑھ گئی ہے اورمعیشت تباہ حالی کا شکار ہے،انہوں نے کہا کہ عوام کو امید تھی کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے سے انہیں ریلیف ملے گا مہنگائی میں کسی حد تک کمی آئے گی ان کی مشکلات کم ہوں گی مگر کرپٹ اور چور حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات میں کمی نہیں کی بلکہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپنی تجوریاں بھر لی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی ظالمانہ پالیسیاں انہیں ڈبونے کے لئے کافی ہیں۔بھاری بھر کم بل دینے کے باوجود عوام کو گیس کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تودوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، سرد موسم میں اگر بجلی بندش کا یہ حال ہے تو گرمیوں میں صورتحال کو کیسے کنٹرول کیا جائے گا۔لوڈشیڈنگ سے عوام اور تاجرطبقہ عذاب میں مبتلا ہے۔کاروبار ی معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مزید خرابی کی طرف جا رہی ہے۔نااہل حکمرانوں نے بدترین مہنگائی کر کے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اس کا بدلہ عوام انہیں انتخابات میں بدترین شکست سے دوچار کر کے لیں گے۔