وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اہم قومی مسائل پر 7 فروری کو طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کو تبدیل کردیا گیا۔وزیراعظم کی دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس 7 فروری کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
اس سے قبل شہباز شریف نے ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے 3 فروری کو اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا تھا۔
30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 101 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاریخ کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی اے پی سی 7 کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیاہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے دوران دہشت گردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی، کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی۔
اے پی سی کے اعلان کے موقع پر وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کل جماعتی کانفرنس‘ اسلام آباد میں ہوگی، تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آل پارٹیز کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا اے پی سی کے حوالے سے تاحال تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔