سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں "موٹر تھرڈ پارٹی لائیبلٹی انشورنس” کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔ورکنگ گروپ میں صنعتی ماہرین، انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندےاور ایس ای سی پی کے حکام شامل ہیں ۔ یہ گروپ موٹر تھرڈ پارٹی لائیبلٹی انشورنس کے نفاذ کے لیے تفصیلی تجاویز پیش کرے گا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کا طریقہ کار بھی ترتیب دے گا۔
ایس ای سی پی ہیڈ آفس میں منعقد کیے جانے والے ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں موجودہ قوانین کے تحت موٹر ٹی پی ایل انشورنس کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں طہ کیا گیا کہ تفصیلی تجاویز میں دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کا شیڈول، عوامی آگاہی کے طریقے، قابل رسائی مصنوعات کی دستیابی اور موٹر انشورنس پالیسیوں کی مرکزی ڈیٹا بیس کی دستیابی بھی شامل ہوں گی۔
موٹر تھرڈ پارٹی لائیبلٹی انشورنس روڈ ٹریفک حادثے کے متاثرین یا ان کے قانونی ورثاء کو موت، جسمانی چوٹ اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کے نتیجے میں درپیش اخراجات سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ تھرڈ پارٹی لائیبلٹی انشورنس پڑوسی ممالک یعنی بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں لازمی قرار دی جا چکی ہے۔