پاکستان روس کیساتھ تجارت، معیشت اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے کا خواہشمند

پاکستان روس کیساتھ تجارت، معیشت اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے کا خواہشمند

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو روس- یوکرین تنازع کے معاشی اثرات کے لحاظ سے منفی نتائج کا سامنا ہے۔ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام تنازعات پرامن طریقے سے حل کیے جا سکتے ہیں اور یوکرین کا تنازعہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین تنازع سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو ’معاشی اثرات‘ کے حوالے سے منفی نتائج کا سامنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ روسی سفارت کاری کی مضبوط روایت سے تنازع کے پرامن حل میں مدد ملے گی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرا دورہ روس اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج روسی ہم منصب کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول علاقائی اور عالمی مسائل پر دوستانہ، تفصیلی اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ روسی فیڈریشن کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا پاکستان کی اہم ترجیح ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور روس کے تعلقات نہ صرف ہمارے قومی مفادات کو پورا کرتے ہیں بلکہ علاقائی، عالمی استحکام اور سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ تجارت، معیشت، سلامتی، انسداد دہشت گردی، دفاع کے ساتھ ساتھ ثقافتی، تعلیمی عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ برس ستمبر میں وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان سمرکند میں نتیجہ خیز اور کامیاب ملاقات ہوئی جبکہ حال ہی میں اسلام آباد میں پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت، معیشت، سائنسی اور تکنیکی تعاون کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا جس میں معیشت، تجارت اور بالخصوص توانائی کے تعاون پر وسیع تر گفتگو ہوئی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر روس اور پاکستان کے درمیان بہت اچھا تعاون ہے اور ہم اپنے روسی دوستوں کے ساتھ افغانستان میں امن، استحکام اور عام مقاصد پر تعاون جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روسی منصب کے ساتھ کثیرالجہتی فورمز خاص طور پر اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون میں دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام تنازعات پرامن طریقے سے حل کیے جا سکتے ہیں اور یوکرین کا تنازعہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تنازع سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو معاشی اثرات کے حوالے سے منفی نتائج کا سامنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ روس کی سفارت کاری کی مضبوط روایت تنازع کے پرامن حل میں مدد کرے گی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہم اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھیں گے اور روسی فیڈریشن کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --