اسلام امن کا مذہب ،بے حرمتی قابل قبول نہیں،راجہ سکندر

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف راجہ سکندر محمود ضلعی صدر ٹریڈرز ونگ کی قیادت میں سکستھ روڈ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ سکندر نے کہا کہ ہم سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آزادی اظہار رائے کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں وقتا فوقتا اس قسم کے گستاخانہ اقدامات کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں۔سویڈن میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کے لیے کوئی بھی الفاظ کافی نہیں ہیں۔شدت پسندوںکا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا موجودہ دور میں نسلی تعصب اور مذہبی امتیاز کی شکل ہے جس میں اضافہ ہورہا ہے۔عالمی برادری کو اسلاموفوبیا،عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔راجہ سکندر نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیے۔تمام مسلم ممالک کو چاہئے کہ متحد ہو کر اس واقعے کو عالمی سطح پر اٹھائیں اور اس طرح کے واقعات کے سدِ باب کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔مظاہرین سے صابر صدیقی،چوہدری ندیم اور خان مجاہد خان نے بھی خطاب کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --