پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا کے محلہ صدیق آباد ڈھوک پراچہ میں گیس لیکیج سے آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا ، ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ، زخمیوں میں بچوں کی والدہ اور دادا شامل ہیں ۔ریسکیو کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت چار سالہ سدیس اور پانچ سالہ اویس کے نام سے ہوئی ہے ۔ریسکیو کی جانب سے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کوایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔