تھائی پولیس نے نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش میں پاکستانی کو گرفتار کرلیا

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے تھائی لینڈ گئے مسافر کے قبضہ سے بینکاک ایئر پورٹ پر 79200 نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں۔مسافر انور انصاری 19 جنوری کو کراچی ایئر پورٹ سے تھائی ایئر کی پرواز سے روانہ ہوا، 20 جنوری کی صبح سوورنا بھومی بین الاقوامی ایئرپورٹ بینکاک پر عملے نے مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران ممنوع چیز کی نشاندہی کی، ملزم کے پاس موجود سامان سے 79200 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، جس پر مسافر کو حراست میں لیا گیا۔

تھائی حکام کے مطابق گولیوں کے کیمیکل ایگزامن رپورٹ کے بعد مسافر پر نشہ اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، برآمد کی گئیں گولیوں میں 40800 ڈائی زیپم اور23,800 زولپیڈیم ٹراٹریٹ شامل ہیں۔تھائی لینڈ حکام کے مطابق مسافر انور انصاری پر کلاس ٹو سائیکو ٹراپک مادے کی اسمگلنگ کا الزام ہے، تھائی حکام نے نشہ اسمگلنگ کی اس کوشش کو منظم کارروائی قرار دیا ہے اور مبینہ طور پر متعلقہ ادارے کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری کو تھائی لینڈ میں 15 سال قید اور 1.5 ملین تھائی بھات تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --