یپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ کو ہول سیل کی دکان سمجھ لیا تھا، تھوک کے بھاؤ لیکر ریز گاری میں بیچ کر پیسہ بنایا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر شادہ نے کہا کہ عمران خان نے 2018 میں کھوسو صاحب کا نام دیکر واپس لیا تھا، سکھیرا صاحب ابھی گورنمنٹ سروس میں ہیں وہ کیسے نگران وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں؟، محسن نقوی ایک نیوٹرل اور میڈیا کا معتبر نام ہے اور یہ سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر شاہ نے کہا کہ عمران خان جمہوریت پر اخلاقیات نہ سکھائیں اپنے گریبان میں جھانکیں، دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار حاصل کیا آپ کی اخلاقیات اس وقت کہاں تھی؟ اگر زرداری صاحب نے توشہ خانہ سے گاڑی لی تو انہوں نے ڈکلیئر کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان تو قومی اسمبلی پر اسکائی لیب کی طرح گر رہے تھے، بعد میں پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیوں پر گر گئے، کراچی نے پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات میں مسترد کیا اب وہ ہر جگہ مسترد ہوں گے۔