اعظم خان نے خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کے احکامات کے بعد اعظم خان نے نگراں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھالیا۔خیبرپختونخوا کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں گورنر حاجی غلام علی نے اعظم خان سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔اس سے قبل گورنر ہاؤس سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ 20 جنوری کو حال ہی میں تحلیل کی گئی اسمبلی کے وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی جانب سے نگران وزیراعلٰی کے لیے محمد اعظم خان کا نام متفقہ طور پر تحریری طور پر تجویز کیا گیا تھا

گورنر خیبرپختونخواہ نے آج صبح سویرے ہی اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی پر دستخط کر دیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان سمیت اپوزیشن جماعتوں نے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر اتفاق کرلیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے گورنر کو جاری خط میں بتایا گیا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق ون اے کے تحت وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر پابند ہیں کہ وہ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے کسی کو نامزد کریں۔

وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے دستخط سے جاری خط میں بتایا گیا کہ مشاورت کے بعد ہم نے محمد اعظم خان کو خیبر پختونخوا کا نگراں وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر اتفاق کیا ہے اور گورنر ان کی تعیناتی کے لیے کارروائی کریں۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اور اسپیکر مشتاق غنی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 نام زیر غور تھے مگر اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اس پیش رفت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اعظم خان نے گزشتہ شب اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’میں خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر نگران وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے اعتماد کیا‘۔

-- مزید آگے پہنچایے --