بینک الحبیب کے بارہویں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ 2023 کا دوسرا راؤنڈ جمعہ 20 جنوری کو کراچی گالف کلب میں کھیلا گیا۔ کھیل کے پہلے دن پانچ دیگر گالفرز کے ساتھ سرِ فہرست رہنے والے محمد شہزاد نے دوسرے دن 67، پانچ انڈر پار کر کے 136، آٹھ انڈر پار کے دو روزہ مجموعی اسکور کے ساتھ برتری برقرار رکھی۔ محمد زبیر اور دفاعی چیمپین وحید بلوچ 68، چار انڈر پار کے مشترکہ سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان بہترین گالفر شبیر اقبال 140، چار انڈر پار کے مجموعی اسکور کے ساتھ عاشق حسین کے ساتھ دوسرے دن کی تیسری پوزیشن پر ہیں۔ دوسرے دن کٹ کے بعد 40 پروفیشنل گالفرز ہفتہ سے فائنل راؤنڈ تک حصہ لیں گے۔ سینئر اور جونیئر پروفیشنلز کی کیٹگری کے مقابلوں کا آغاز بھی ہفتے کے دن سے ہو گا۔ آج کراچی گالف کلب کے بہترین سبزہ زار پار پر حدِ نگاہ واضح تھی۔ ابتدائی اوقات میں گولفرز کو ٹھنڈ کا سامنا کرنا پڑا البتہ دھوپ نکلتے ہی سرد موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوسرے دن بھی کوئی گولفر ہول ان ون کرنے والے خوش نصیب کے لیے رکھی جانے والی ٹویوٹا کرولا اور سوزوکی آلٹو حاصل نہیں کر سکا۔