کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی مقیم پاکستانیوں کوآسان اور فوری قونصلر خدمات کی یقین دہانی

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہے کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو آسان اور فوری قونصلر خدمات کی فراہمی ان کی اہم اور اوّلین ذمہ داری ہے اور وہ اور ان کی ٹیم اس فرض منصبی کی تکمیل کے لیے ہمہ وقت کوشاں اور دستیاب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی بہن بھائیوں کو پاسپورٹ اور نائیکوپ کی تیاری اور ویزوں کے اجراء جیسی قونصلر خدمات آن لائن فراہم کی جاتی ہیں تاہم پاکستان ہائی کمیشن اور اس کے قونصل خانوں کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کسی بھی وقت ٹورنٹو، وینکوور اور مونٹریال میں قائم پاکستانی قونصل خانوں کا دورہ کر سکتے ہیں اور موقع پر ہی آسان اور فوری قونصلر خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔


ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ہائی کمیشن اٹاوا میں جمع پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ایک ملاقات کے دوران کیا جس کا مقصدقونصلر خدمات کو مزید بہتر اور آسان بنانے کے لیے کمیونٹی کے ارکان سے مستقل بنیادوں پر ان پٹ، تجاویز اور سفارشات کا حصول تھا۔


ظہیر اے جنجوعہ نے کمیونٹی کے ارکان سے بات کرتے ہوئے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے لگ بھگ ایک کروڑ پاکستانیوں کو ملک کے لیے ایک اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی پاکستان کی معیشت اور ترقی میں کردار اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے حقیقی سفیر ہیں اور بیرون ملک پاکستان کے امیج کو فروغ دینے میں ان کا کردار قابل تعریف ہے۔انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں فراخدلی سے تعاون کرنے پر کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور کینیڈین حکومت اور عوام کی بھی تعریف کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --