ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے، بلاول بھٹو

ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حیدرآباد کا میئر پی پی کا ہو گا، خواہش ہے کہ کراچی کا میئر بھی ہمارا ہو۔ نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی بہت دیر سے ان بلدیاتی انتخابات کی منتظر تھی ہم چاہتے تھے کہ الیکشن ہوں لیکن سیلاب اور کورونا کی وجہ سے انتخابات تاخیر کا شکار رہے۔

ان کا کہنا تھا کراچی کے ہر یونین کونسل سے جیالا امیدوار کھڑا کیا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، 15 جنوری الیکشن کا دن ہے، سب اپنے گھروں سے نکلیں اور ووٹ کا حق استعمال کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا ہم ایم کیو ایم کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سمجھاتے رہے لیکن ناکام رہے، ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا چاہتے ہیں کہ ہمارے اتحادیوں کے جو تحفظات ہیں ہم انہیں دور کریں اور ہم نے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش بھی کی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حیدر آباد کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہو گا، خواہش ہے کہ کراچی کا میئر بھی ہمارا ہو۔ ان کا کہنا تھا الیکشن کے بعد تمام جماعتوں کے ساتھ ملک کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے، چاہتے ہیں بلدیاتی نظام موجودہ والا ہی رہے تاکہ سب مل کر نظام کی بہتری کے لیے کام کر سکیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --