پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے لاہور میں  وزیراعظم شہبازشریف کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی، گورنر پنجاب کی وزیراعظم سے 15 منٹ ون آن ون ملاقات ہوئی۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر پنجاب وزیراعظم شہباز شریف سےملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفکیشن آج شام جاری ہونےکا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے پر موجودہ وزیراعلیٰ ہی نگران کے آنے تک کام جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل کی سمری پر ابھی تک دستخط نہیں کیے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے گورنر پنجاب دستخط کریں یا نہ کریں پنجاب اسمبلی ٹوٹ چکی ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھیجی تھی اور آئین کے تحت گورنر پنجاب کو 48 گھنٹوں کے اندر سمری پر دستخط کرنے ہوتے ہیں۔ گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ملاقات کی ، ملاقات میں ملکی کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

-- مزید آگے پہنچایے --