بھارتی خاتون کرکٹر کی لاش جنگل سے برآمد

بھارت کی ریاست اوڑیسا سے تعلق رکھنے والی خاتون کرکٹر راج شری کی لاش جنگل سے برآمد کرلی گئی۔بھارتی پولیس کے مطابق 26 سالہ کرکٹر کی لاش ریاست اوڑیسا کے شہر کٹک کے جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کرکٹر 11 جنوری سے لاپتا تھی جبکہ اس کی اسکوٹی بھی پولیس کو جنگل کے قریب سے مل گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کیس کی ہر زاویے سے تفتیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کرکٹر کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے سامنے آجائے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل لیول ٹورنامنٹ کے لیے اس علاقے میں ٹریننگ کیمپ لگایا گیا تھا جس کے لیے منتخب کی گئی 16 رکنی ٹیم میں راج شری جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

راج شری کے ساتھ ہوٹل میں رہنے والی خاتون نے بتایا کہ بدھ کی شام ٹیم کے ارکان کے ناموں کے اعلان کے بعد وہ رو رہی تھی اور اس کے بعد وہ ہوٹل سے لاپتا ہوگئی جہاں ہمیں ٹریننگ سیشن کے لیے رکھا گیا تھا۔مرنے والی خاتون کرکٹر کے اہلخانہ نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاش پر زخموں کے نشانات تھے۔اہلخانہ کے مطابق راج شری فاسٹ بولر اور مڈل آرڈر بیٹر تھی۔

-- مزید آگے پہنچایے --