عمران خان مسلسل سیلاب زدگان کو منفی پیغام بھیج رہے ہیں، شیری رحمان

عمران خان مسلسل سیلاب زدگان کو منفی پیغام بھیج رہے ہیں، شیری رحمان

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے عالمی ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے مدد پر تحریک انصاف کی ہرزہ سرائی افسوس ناک ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی کامیابی پر افسوس ہوا ہے، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت جنیوا سے خالی ہاتھ لوٹے گی، جنیوا کانفرنس میں عالمی ممالک اور اداروں نے عمران خان کے دعوے کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی ممالک اور شراکت داروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا، عمران خان کے برعکس عالمی دنیا سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے عالمی ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے مدد پر تحریک انصاف کی ہرزہ سرائی افسوس ناک ہے۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل سیلاب زدگان کو منفی پیغام بھیج رہے ہیں، جب سیلاب عروج پر تھا اس وقت بھی عمران خان جلسے کر رہے تھے، ہمیں سیلاب زدگان کیلئے عالمی دنیا سے مدد لینے پر شرم دلانے والوں کو اس وقت شرم کیوں نہیں آئی جب انہوں نے کشکول ہاتھ میں لئے 4 سال حکومت کی اور ملک کو مقروض کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --