وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے موقع پر کہنا تھا وزیراعظم صاحب کو مبارک ہو کہ ان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہو گئی ہے، ہم جو گزشتہ 8 ماہ سے محنت اور کوششیں کر رہے تھے وہ اب رنگ لا رہی ہیں، ہماری کامیابی ہے کہ ہم نے ٹارگٹ سے زیادہ رقم جمع کی، مشرق سے مغرب تک پوری دنیا نے ہماری مدد کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت نے ایک تیر میں دو شکار کیے، ایک طرف تو آپ نے ملک کے اندر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے انتھک محنت کی تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ڈیفالٹ دکھانے کی کوشش کرنے والوں کو بھی دکھایا کہ کس طرح دنیا نے پاکستان کی دل کھول کر مدد کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہمارے اعلانات سے یہ تاثر جا رہا ہے کہ امداد ملنے کے بعد سار ے مسائل حل ہو گئے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے، آج بھی سیلاب متاثرین مشکلات میں ہیں اور وہ بے گھر ہیں، زراعت کو نقصان پہنچا ہے، مسائل بہت زیادہ ہیں اور متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم کی وجہ سے بھی سیلاب متاثرین کو مشکلات درپیش ہیں، سب سے التجا ہے کہ جس قسم کی بھی امداد سیلاب متاثرین کے لیے بھیج سکتے ہیں وہ بھیجیں اور اپنے سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کو مشکل وقت میں یاد رکھیں۔