وفاقی سیکرٹری شیر عالم مسعود انتقال کر گئے

وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم مسعود انتقال کر گئے۔شیر عالم مسعود کا انتقال گزشتہ شب ہوا تھا، وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے افسر تھے۔

شیر عالم مسعود کی نمازِ جنازہ آج بروز ہفتہ 3 بجے سہہ پہر لانسرز فارم چک شہزاد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم مسعود کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مرحوم شیر عالم مسعود کا شمار وفاقی بیوروکریسی کے بہترین افسران میں ہوتا تھا، ان کے انتقال سے پاکستانی سول سروس ایک قابل افسر سے محروم ہو گئی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے بھی وفاقی سیکرٹری شیر عالم مسعود کی وفات پر گہرے دکھ و رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا شیر عالم مسعود کی وفات سے دلی صدمہ پہنچا، وہ انتہائی بےباک، ایماندار اور نڈر افسر تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --