پاکستان کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے نواسے جنید صفدر نے پاکستان منتقل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اصرار کیا ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے والدین، خاندان اور برادری کی خدمت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔جنید صفدر نے کہا کہ میں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لوں گا اور نہ ہی فی الوقت میری سیاست میں کوئی دلچسپی ہے۔
جنید صفدر نے مزید کہا کہ انہیں لاہور کی سردیاں بہت پسند ہیں اور وہ یہاں کے اس موسم کو بہت مس کر رہے تھے۔جنید صفدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کئی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ جنید صفدر آئندہ عام انتخابات میں اپنی والدہ اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی مدد کریں گے۔جنید صفدر اب تک عوامی سرگرمیوں سے دور رہے ہیں جب کہ وہ گزشتہ سال اپنی شادی کی شاندار تقریب کی وجہ سے ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیوں میں رہے تھے۔