سعودی عرب اور پاکستان کا عسکری اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں اہم ملاقات کی۔رياض ميں ہونے والی ملاقات ميں عسکری اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سعودی وزیر دفاع نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پرزوردیا، شہزادہ خالد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد بھی دی۔

دوسری جانب پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر 4 سے 10 جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔

عسکری ادارے کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر دونوں برادر ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، فوجی تعاون اور تعلقات پر توجہ رکھی جائے گی، دوروں کے دوران قومی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ملاقات میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد عرفان اور ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم شریک تھے۔ملاقات میں سعودی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود رہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ جنرل عاصم منیر کا پہلا سرکاری بین الاقوامی دورہ ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --