سی ٹی ڈی کا آپریشن، 21 افراد گرفتار

سی ٹی ڈی کا آپریشن، 21 افراد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے مختلف کارروائیوں کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 43 کومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے جس میں 46 مقامات کو چیک کیا گیا، آپریشنز کے دوران 2453 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 894 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔

کومبنگ آپریشنز کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا، گرفتار افراد کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 510 گرام، پستول 30 بور بمعہ 4 گولیاں، ایک رائفل 44 بور اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات، دہشت گردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کوٹ لکھپت، قلعہ دیدار سنگھ، گوجرانوالہ، ملکوال، خوشاب، ملت ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، بورے والا، کوٹ سلطان اور منچن آباد بہاولنگر میں کل 13 مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، شہری دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 080011111 پر کال کریں۔

-- مزید آگے پہنچایے --