اعظم سواتی کی ضمانت منظور

اعظم سواتی کی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی۔چیف اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامرفاروق نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی سینیٹر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کی ہے، قبل ازیں، بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت عالیہ نے اعظم سواتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو فوجی افسران کے خلاف متنازع ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، اس سے قبل بھی انہیں 12 اکتوبر کو آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائھی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سماعت کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ اسپیشل پروسیکیوٹر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعظم سواتی کے صاحبزادے عدالت کے سامنے اپنا مؤقف رکھنا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس قسم کے خطوط عدالت عمومی طور پر نہیں دیکھتی، بابراعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت آج ہی اس معاملے کو دیکھ لے، چیف جسٹس نے کہا کہ آج ہی لارجر بینچ کی تشکیل ممکن نہیں، سینئر ججز ابھی چھٹی پر ہیں آئندہ ہفتہ کے لیے لارجر بنچ تشکیل دیں گے۔

بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ اعظم سواتی کے صاحبزادے سے میں نے درخواست کی ہے وہ یہ خط واپس لے لیتے ہیں، اس موقع پر وکلا کی مشاورت کے بعد اعظم سواتی کے بیٹے نے عدالت کو لکھا گیا خط واپس لے لیا۔

اس کے بعد بابر اعوان ایڈووکیٹ نےاعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر دلائل کا آغازکرتے ہوئے حبیب جالب کا شعر پڑھا اور کہا کہ سندھ، بلوچستان کی ہائی کورٹس نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمے ختم کر دیے۔

بابر اعوان نے کہا کہ حکام نے جیب سے کمپلینٹ نکالی اور مقدمہ بنا دیا، میں نے کبھی ایسی ایف آئی آر نہیں دیکھی جس میں ٹائم اور وقوعہ کی جگہ نہ لکھی ہو ، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ میں نام نہیں لینا چاہتا لیکن فیصلہ آپ کے سامنے رکھ دوں گا کہ ایک سیاسی شخصیت کو بیماری پر ضمانت دی گئی، ایک اور شخصیت کو اس کی تیمار داری کے لیے ضمانت دے دی گئی۔

بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورت نے کہا کہ اس معاملے پر ایف آئی اے کا کیا موقف ہے جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے کہاکہ اسپیشل پراوسیکیوٹر نہیں آ سکے، استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی اور دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جسے اب جاری کردیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

-- مزید آگے پہنچایے --