جنرل (ر) باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا، عمران خان

جنرل (ر) باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ابھی مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کیلئے راضی ہونا ضروری ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں، آئندہ عام انتخابات میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے، مشرقی پاکستان میں سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف ڈرائنگ روم کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، نیب قوانین میں ترمیم کر کے 11سو ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ختم کیے گئے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مفادات بیرون ملک ہیں، دونوں خاندانوں کے مفادات پاکستان سے نہیں تو ان سے میثاق معیشت کیسے کریں؟

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت میں 5 فیصد ڈیفالٹ کا خطرہ تھا جو اب 90 فیصد ہو چکا ہے، ملک پر قبضہ گروپ کا راج اور جنگل کا قانون ہے، قانون کی حکمرانی قائم کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا، ہم ڈیفالٹ کے قریب کھڑے ہیں، جنرل (ر) باجوہ سے ہماری حکومت کے اچھے ورکنگ ریلیشن رہے، ان کے نزدیک سیاست دانوں کی کرپشن بے معنی تھی۔

-- مزید آگے پہنچایے --