سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کے حوالے سے نیند میں بھی غفلت نہیں کرسکتا۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا، محترمہ نے آئین اور جمہوریت کی خاطر بے پناہ قربانیاں دیں، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے تمام تر مشکلات کے باوجود جمہوریت کیلئے مزاحمت جاری رکھی۔سابق صدر نے مزید کہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، محترمہ بے نظیر بھٹو کے ملک میں جمہوریت کے تسلسل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، شہید بی بی بہادری،صبر اور برداشت کی علامت تھیں، محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ آج بھی میری رہنمائی کرتا ہے۔