پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان کی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز سکور کر لئے ہیں، جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو وکٹ پر کپتان بابر اعظم 161 اور سلمان علی آغا تین رنز کے ساتھ موجود تھے، قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم ابتدائی تین وکٹیں صرف 48 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کی ٹیم ایک بار پھر کم سکور پر پویلین لوٹ جائیگی مگر اس موقع پر بابر اعظم کا ساتھ دینے کیلئے سعود شکیل آئے اور ان دونوں نے شراکت کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 110 تک پہنچا دیا اس موقع پر سعود شکیل 22 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے ، سعود شکیل کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے کیلئے سرفراز احمد آئے جنہیں چار سال کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ، سرفراز احمد نے کپتان بابر اعظم کیساتھ ملکر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور دونوں کی عمدہ شراکت میں مجموعی سکور 306 رنز تک پہنچ گیا ، اس مجموعی سکور پر پاکستان کی ٹیم کو پانچویں وکٹ کا نقصان سرفراز احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 86 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، پاکستان کے دیگر آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق نے 7، امام الحق نے 24، شان مسعود نے 3 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل اور مچل بریسویل نے دو دو جبکہ ٹم سائوتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔