توانائی بچت کیلئے حکومت کا شادی ہالز رات 10 بجے اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

توانائی بچت کیلئے حکومت کا شادی ہالز رات 10 بجے اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے اس لیے توانائی کی بچت کرنے کے لیے شادی ہالوں کی اوقات رات 10 بجے اور ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں کی اوقات رات 8 بجے تک مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینا کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شادہ ہالوں کی اوقات رات 10 بجے تک محدود کی جائے گی اور ریسٹورنٹ اور مارکیٹیں رات 8 بجے تک بند ہو جائیں گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پالیسی کے نفاذ کے لیے چاروں صوبوں سے رابطہ کریں گے کیونکہ یہ ایک قومی پروگرام ہے جس کو صوبوں کی مشاورت سے شروع کرنا لازمی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پوری دنیا میں مارکیٹیں 6 بجے کے بعد بند ہوجاتی ہیں مگر پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں مارکیٹیں رات کو 12 بجے تک کھلی ہوتی ہیں جبکہ صبح کو 12 سے 2 بجے تک مارکیٹیں کھولی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سورج کی روشنی سے مستفید نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ 7 ماہ سے اس پالیسی پر کام چل رہا تھا مگر اب صوبوں سے مشاورت کریں گے اور انہیں اس بات پر راضی کریں گے کہ قومی ایمرجنسی کے لیے اس پالیسی کو اپنانا ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کل اور پرسوں وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں کابینا کا اجلاس ہوا ہے جس میں قوم کو محدود وسائل میں رہنے کے لیے کفایت شعاری کی پالیسی پر تبادلہ خیال ہوا ہے جس پر 22 دسمبر کو عمل شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں صوبوں سے بھی مشاورت ہو رہی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --