بی جے پی نے میرے سر کی 2 کروڑ قیمت لگا دی، بلاول بھٹو

بی جے پی نے میرے سر کی 2 کروڑ قیمت لگا دی، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق حقیقت بیان کرنے پر بی جے پی نے میرے سر کی 2 کروڑ قیمت لگا دی۔

عالمی خبر رساں ادارے بلوم برگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ نریندر مودی کو گجرات کا قصائی میں نے نہیں کہا بلکہ یہ وہ الفاظ ہیں جو 2002 میں گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد مودی کے لئے استعمال کئے گئے، نریندر مودی اس وقت گجرات کے وزیراعلی تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے صرف تاریخی حقائق دہرائے جس کو ذاتی توہین سمجھا گیا، پورے بھارت میں میرے خلاف مظاہرے کئے گئے، پڑوسی ملک کے وزیرخارجہ کے سر کی قیمت لگانے کا مطلب لائن عبور کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں، عمران خان کا الیکشن کی بات کرنا انتہائی بدقسمتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بلاجواز احتجاج سے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کے بعد عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یوکرین جنگ نے پورے خطے کی معیشت کو متاثر کیا، عالمی برادری کو خوراک کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --