پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کراچی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دیکر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کو اس کی سرزمین پر وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ان کے اوپنر بین ڈکیٹ کا رہا، انگلینڈ کی ٹیم جسے میچ جیتنے کیلئے 167 رنز کا ہدف ملا تھا کو میچ کے چوتھے روز صرف 55 رنز درکار تھے جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی تھیں، وکٹ پر موجود بین ڈکیٹ اور کپتان بین سٹوکس نے شاندار شراکت کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا، بین سٹوکس 35 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کے آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں زاک کرالے نے 41، ریحان احمد نے 10 رنز بنائے، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 216 رنز پرآئوٹ ہوئی تھی، کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنائے جب کہ انگلینڈ کے ریحان احمد نے اننگز میں 5 اور میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کے اس دورہ پاکستان سے قبل مہمان ٹیم 61 سالوں کے دوران صرف دو ٹیسٹ جیتے تھے مگر اس دورہ میں انگلش ٹیم نے تین ہفتوں کے دوران پاکستان کی ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں میں شکست دی ہے، انگلینڈ کی کرکٹ تاریخ میں یہ چوتھا موقع ہے کہ اس نے کسی دوسرے ملک کی سرزمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا ہے، دوسری جانب پاکستان کو 70 سال میں پہلی بار ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ہوم گرائونڈ پر پاکستان کو مسلسل چار ٹیسٹ میچز میں شکست ہوئی،انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ سے قبل پاکستان آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ہونے والا ٹیسٹ بھی ہارا تھا۔اس سے قبل پاکستان ہوم گرائونڈ پر 1960 میں ٹیسٹ سیریز دو صفر سے ہارا تھا۔
سارا جہان پاکستان > کھیل > کراچی ٹیسٹ انگلینڈ نے جیت لیا، پاکستان کو 70 سالوں میں پہلی بار ہوم گرائونڈ پر کلین سویپ