نوجوان کا اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں قتل، گورنر سندھ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین دن کا وقت دیدیا

نوجوان کا اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں قتل، گورنر سندھ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین دن کا وقت دیدیا

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کورنگی کے نوجوان اظہر کی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں موت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین دن کا ٹائم دے دیا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری عوامی کالونی تھانے پہنچے جہاں انہوں نے ایس ایچ او سے اسٹریٹ کرائم کی اس واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

ایس ایچ او نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور تین دن میں ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اگر وہ تین دن میں ملزمان کو گرفتار کر لیں گے تو وہ انہیں گورنر ہاؤس بلوا کر گولڈ میڈل پہنائیں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسلسل اسٹریٹ کرائمز کے واقعات پیش آرہے ہیں اور یہ سلسلہ رک نہیں رہا، این ای ڈی کے طالب علم کو قتل کیا گیا، نوجوان کے والد جس کرب میں تھے وہ ناقابل بیان تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں مسلسل کہہ رہا ہوں ایس ایچ اوز کمر کس لیں، ایس ایچ او سےمیں نے ٹائم فریم کی بات کی ہے،  پوچھا ہےکہ مجرموں کو کب کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس نے کورنگی واقعے پر 3 روز کا وقت مجھ سےمانگا ہے، اگر رزلٹ نہ ملے تو ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

-- مزید آگے پہنچایے --