فیفا ورلڈ کپ، مراکش کو شکست، کروشیا نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں کروشیا نے تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے جانے والے مقابلے میں مراکش کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، کروشیا کی ٹیم جو چار سال قبل ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کے ہاتھوں ہار گئی تھی نے مراکش کیخلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹری سٹینڈ پر جگہ بنائی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا تیسرا پوزیشن کا میچ آغاز میں ہی سنسنی خیز رہا، میچ کے 7 ویں منٹ میں کروشیا کے جوسکو گیوارڈیول نے خوبصورت ہیڈ کے ذریعے گیند کو مراکش کے گول میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم صرف دو منٹ کے بعد مراکش کی جانب سے اشرف دری نے گول سکور کرتے ہوئے مقابلے ایک ایک گول سے برابر کردیا اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری کی بھرپور کوشش کی تاہم اس میں کسی ٹیم کو کامیابی نہ ملی، ہاف ٹائم سے تین منٹ قبل کروشیا کے میسلوو اورسک نے کروشیا کی جانب سے گول سکور کرتے ہوئے مقابلہ دو ایک کردیا، پہلے ہاف کے اختتام تک کروشیا کو دو ایک کی برتری حاصل رہی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے مزید گول کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہ ہوسکی اور فائنل وسل تک مقابلہ دو ایک رہا۔

-- مزید آگے پہنچایے --