وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ سکیم کے دوبارہ اجراء کا اعلان

وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ سکیم کے دوبارہ اجراء کا اعلان

حکومت نے نوجوان کاروباری افراد کے لیے وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ سکیم کے دوبارہ اجراء کا اعلان کردیا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اس سکیم کے تحت تین مختلف سلیب کے تحت 75 لاکھ روپے تک کے قرضے رعایتی شرح سود (صفر تا 7 فیصد تک) پر زیادہ سے زیادہ 9 سال کی مدت کے لیے دیئے جائیں گے، پروسیسنگ کی مدت 45 یوم سے تجاوز نہیں کرے گی، ایک چوتھائی قرضے خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت نے اس سکیم کو ’’پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم‘‘ کا نیا نام دیا ہے، جبکہ سابقہ دور حکومت میں اس سکیم کا نام ’’پرائم منسٹرز کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم‘‘ رکھا گیا تھا، اس سکیم کو یکم جولائی 2022ء کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان کے وہ تمام شہری اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں جو قومی شناختی کارڈ رکھتے ہیں اور جن کی عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہے، آئی ٹی اور ای کامرس سے متعلق کاروبار کے لیے عمر کی کم سے کم حد 18برس ہو گی جبکہ کم سے کم مطلوبہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --