بلدیاتی انتخابات، کرسمس اور نیو ایئر نائٹ سکیورٹی کیلئے پولیس کا اہم اجلاس

بلدیاتی انتخابات، کرسمس اور نیو ایئر نائٹ سکیورٹی کیلئے پولیس کا اہم اجلاس

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد جمیل ظفر کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے ،بلدیاتی انتخابات ،کرسمس اور نیو ائیر کے حوالے سے سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی،ایس ایس پی آپریشنز نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ کے حوالے سے خصوصی میٹنگز کا انعقاد کیا جائے اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی سکیورٹی کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے،

اسلام آباد میں مختلف جگہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے سرچ آپریشنز کئے جائیںاور اپنے اپنے علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر چرچز کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے، کسی بھی صورت میں سکیورٹی خدشات کو نظر انداز نہ کیا جائے، نیو ائیر نائٹ پر شہر بھر میں سکیورٹی کو موثر بنایا جائے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور خصوصاً ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے،ضلع بھر میں سرچ آپریشنز و سنیپ چیکنگ جاری رکھی جائے۔ایگل سکواڈز کو مزید متحرک اور موثر بنایا جائے،افسران منشیات فروشی کے خاتمہ پر خصوصی توجہ دیں اور اسکی بیخ کنی کو یقینی بنائیں، ہر علاقے میں ہاٹ اسپاٹ کی شناخت کر کے ان علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیںاور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے، آخر میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تمام افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ نیک نیتی سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ فرائض میں غفلت لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی.

-- مزید آگے پہنچایے --