دنیا کو پاکستان کو ایک ابھرتی معیشت کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

دنیا کو پاکستان کو ایک ابھرتی معیشت کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

دورہ سنگاپور  سے قبل سنگاپور کے اخبار ’ڈیلی دی اسٹریٹ ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کے بارے میں اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان سیاسی رہنما کی حیثیت سے مجھے لگتا ہے کہ دنیا کو پاکستان کے عمومی تشخص سے ہٹ کر نئے زاویے سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں دنیا کے لیے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں جس کے لیے پہلا قدم ملک کے خلاف ٹریول ایڈوائزی کی پابندی کو ختم کرنا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دنیا کو پاکستان کو ایک ابھرتی معیشت کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایشیائی ممالک میں آن لائن تجارت اور ای کامرس کی سرگرمیاں عروج پر ہیں جس سے آئی ٹی سے متعلق سرگرمیوں اور مالیاتی خدمات میں ہمارے نوجوان بے پناہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باالخصوص تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیمی شعبے میں پاکستان جنوب مشرقی ایشیا کی ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ تعاون اور جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے

بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن کے کئی حالیہ اقدامات پاکستان کے لیے انتہائی دلچسپی کے حامل ہیں جو میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان سمیت تمام ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیدا کریں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --