پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کیلئے بری خبر یہ ہے کہ اس کے فاسٹ بائولر حارث رئوف ان فٹ ہو کر سیریز کے بقیہ میچوں کیلئے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں، 29 سالہ فاسٹ بائولر حارث رئوف نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا مگر پہلی اننگز میں صرف 13 اوورز ہی کرا پائے تھے جس کے بعد فیلڈنگ کے دوران ان کی ٹانگ میں کچھائو آیا تھا جس کی سکین رپورٹ کے مطابق حارث رئوف بائولنگ کیلئے فٹ نہیں ہیں، پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز حارث رئوف نے تیرہ اوورز میں 78 رنز دیئے تھے اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مہنگے بائولر ثابت ہوئے تھے، حارث رئوٹ اب لاہور جائینگے جہاں وہ ری ہیب پروگرام شروع کریں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے ہی شاہین شاہ آفریدی کی خدمات حاصل نہیں ہیں ، حارث کے ان فٹ ہونے کے بعد اب پاکستان کو اعلان کردہ اٹھارہ رکنی سکواڈ کے باہر سے کسی بائولر کو طلب کرنا پڑے گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ سلیکٹرز بقیہ دو ٹیسٹ میچوں کیلئے محمد عباس یا حسن علی میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں، دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے فاسٹ بائولر محمد وسیم جونیئر کو بھی ٹیسٹ کیپ دیئے جانے کا امکان ہے۔