روس پاکستان کو سستا پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرنے کو تیار

روس پاکستان کو سستا پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرنے کو تیار

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ روس ہمیں سستے نرخوں پر پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ روس کا دورہ کامیاب رہا، روس کا دورہ ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا۔

ان کا کہنا تھا روس کے ساتھ خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل سے متعلق معاہدے ہو گئے ہیں، روس ہمیں رعایتی قیمت پر خام تیل فراہم کرے گا، روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی سستی قیمت پر دے گا۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا گزشتہ برس دنیا گرین انرجی کی طرف گئی، دنیا نے ایسے میں ایل این جی کا بڑا حصہ خرید لیا، روس کے پاس ابھی ایل این جی موجود نہیں ہے لیکن روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این جی کیلیے بات چیت شروع ہوگئی ہے، روس کے سرکاری ایل این جی کارخانوں سے بھی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

مصدق ملک نے بتایا کہ روس سے پائپ لائن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، روس کی حکومت ایل این جی کے نئے کارخانے بنا رہی ہے، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے نئے معاہدے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم کا حکم ہے کہ ملک کو زراعت میں خودکفیل ہونا ہو گا، کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے اس سے روزگار ملتا ہے، وزیراعظم نےکہا کہ چاہتا ہوں ہر نوجوان کو نوکری ملے، معیشت بڑھے گی تو نوکری ملے گی، ملک کی معیشت کو 7 فیصد تک آگے بڑھانا ہو گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --