سابق سینیٹر نجمہ حمید انتقال کر گئیں

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ اور سابق سینیٹر نجمہ حمید گزشتہ شب انتقال کر گئیں۔اہل خانہ کے مطابق مرحومہ نجمہ حمید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں اتوار  4 دسمبر کو بعد نماز ظہر  ان کی رہائش میں ادا کی جائے گی۔

نجمہ حمید رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن تھیں، وہ مارچ 2015 سے مارچ 2021 تک مسلم لیگ ن کی سینیٹر رہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی سربلندی، جمہوریت، ملک اور پارٹی کے لئے بہن نجمہ حمید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجمہ حمید نظریاتی، بااصول، بہادر، شفیق اور باوفا شخصیت تھیں۔ افسوس! محبت کرنے والی مخلص بہن سے محروم ہوگیا ہوں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نجمہ حمید پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھیں، ان کی وفات بڑا نقصان ہے۔ وہ  قائد محمد نواز شریف اور مرحومہ بیگم کلثوم صاحبہ کی قریبی اور بااعتماد ساتھی تھیں۔

مرحومہ بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد میں نجمہ حمید نے نہایت جرات و بہادری سے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے پارٹی کی سینئر رہنما نجمہ حمید کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نجمہ آپا ہم میں نہیں رہیں،

ان کی وفات سے ہمیشہ ساتھ نبھانے والی مخلص بہن سے محروم ہوگیا، ان کی کمی پوری نہیں ہوسکتی۔نجمہ حمید شفیق، غم گسار بہن، راست گو اور پختہ نظریات پر کاربند رہنما تھیں۔ وہ اخلاص اور سیاسی تدبرکا پیکر، پارٹی کی پہچان اور اثاثہ تھیں۔

کسی طوفان میں نجمہ حمید کبھی نہ گھبرائیں، ہمیشہ سیاسی نظریات، پارٹی سےوفا نبھائی، بیگم کلثوم جب سیاسی جدوجہد کر رہی تھیں تو نجمہ حمید سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھیںبیگم کلثوم صاحبہ اور نجمہ آپا بہنوں کی طرح تھیں، پاکستان،نظریہ پاکستان، جمہوریت ان کی سوچ اور روح میں سموئے ہوئے تھے۔

ملک وقوم، پارٹی اور جمہوریت کے لیے ان کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بہن طاہرہ اورنگزیب اور بیٹی مریم اورنگزیب سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہوں۔چوہدری شجاعت حسین نے نجمہ حمید کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک ذہین و بہادر سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔نجمہ حمید نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ان کی سیاست کا وقت زیادہ ترہمارے ساتھ گزارا ہے.

-- مزید آگے پہنچایے --