ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30.16 فیصد ریکارڈ

ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30.16 فیصد ریکارڈ

ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور ہفتہ وار بنیادوں پر بھی مہنگائی 0.48 فیصد مزید بڑھ گئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمارجاری کردیے جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30.16 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ادارہ شماریات نے بتایاکہ حالیہ ہفتے کھانے پینے کی اشیا زیادہ مہنگی ہوئیں اور 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔حالیہ ہفتے چینی کی فی کلو قیمت  ایک روپے 20 پیسے مہنگی ہوئی جبکہ انڈے فی درجن 21 روپے 50 پیسے، زندہ مرغی 12 روپے 60 پیسے اور  پیاز کی قیمت میں 4 روپے 48 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ آلو ایک روپے 94 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، اس کے علاوہ دودھ، دہی، بیف، مٹن، دال، چائے کی پتی، لہسن اور چاول سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 9 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، دال چنا 3 روپے 93 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 9 روپے 74 پیسے سستاہوا جبکہ دال ماش، دال مونگ،گھی اور آٹے کا تھیلا بھی سستاہوا۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

-- مزید آگے پہنچایے --