وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے عالمی سطح پرفنڈز فراہم کرے ۔موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں سربراہ اجلاس COP27 کے موقع پر شرم الشیخ میں ایک مکالمے میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا ترقی یافتہ ممالک کو اپنی ذمہ داری پوری کرناہوگی وگرنہ یہ آفت ان پر بھی آسکتی ہے۔
وزیرمنصوبہ بندی نے کہاکہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے مگر ہم موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ان سات ممالک میں شامل ہیں جنھیں شدید خطرات لاحق ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اپنے تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ایندھن کی بجائے شمسی توانائی کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے اور ہم نے دس ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب موسمیاتی تبدیلی کے تقاضوں کو پورا کرنے کی پیشگی شرط کے ساتھ ہرمنصوبے کی منظوری دی جارہی ہے۔