وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے معاشرے کے باشعور طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ ملک اور دنیا میں رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔آج منائے جانے والے عالمی یوم رواداری کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات نہ صرف معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرناک ہیں بلکہ سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی میں بھی رکاوٹ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ رواداری ہماری دنیا کی ثقافتوں، ہمارے اظہار کی شکلوں اور انسان ہونے کے طریقوں کے بھرپور تنوع کا احترام، قبولیت اور تعریف ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مخلوط حکومت کو ان عناصر کی جانب سے عدم برداشت اور تشدد کے حملے کا سامنا ہے جو اپنے چھوٹے سیاسی مفادات کے لیے جمہوریت، اداروں اور سماجی و سیاسی تانے بانے کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔تاہم، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں رواداری، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی رہے گی۔