امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعودخان نے کہاہے کہ دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے کے لئے پاکستان اورامریکہ نے اقتصادی شراکت داری کوترجیح دی ہے۔کیلی فورنیامیں پاکستانی کاروباری افراد کے سالانہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک تجارت، ٹیکنالوجی ،صحت، توانائی ،زراعت اورتعلیم کے شعبے میں تعاون کے امکانات پیدا کرنے کے لئے مل کرکام کررہے ہیں۔مسعودخان نے کہاکہ تعلقات میں حالیہ بہتری سے پاکستانی نژاد امریکیوں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیداکئے ہیں۔سفیرنے پاکستانی نژاد امریکیوں کوپاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پربھی زوردیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے معاشی شراکت داری کے فروغ کو اپنے دو طرفہ تعلقات کی بنیاد بنانے کی ٹھان لی ہے اور ٹریڈ ، ٹیکنالوجی، صحت، توانائی، زراعت اور تعلیم کے شعبے میں مضبوط پارٹنرشپ کے قیام کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ شرکا کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں بتاتے ہوئے پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کا مرکزی جغرافیائی محل وقوع، اس کا پڑوس اور آبادی پاکستان کو سرمایہ کاری کے اعتبار سے ایک پرکشش منزل بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے اسی امریکی کمپنیاں اور کارپوریشنز پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر اور موافق بنانے کے ضمن میں حکومت پاکستان نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ویزے کے حصول کے عمل کو آسان بنانا، ٹیکس کے نظام کو منظم کرنا اور منافع کو واپس لانے کے حوالے سے نظام کو سہل کرنا جیسے اقدامات شامل ہیں۔ قبل ازاں پاکستان کے سفیر نے ڈیزاسٹرمنیجمنٹ بذریعہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقدہ ایک سیشن سے بھی بطور کلیدی مقرر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا ہے جبکہ 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے امریکی حکومت کی جانب سے 97 ملین ڈالر کی امداد جبکہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کی جانب سے 27 ملین ڈالر کی امداد پر امریکی حکومت اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ماحول کو آلودہ کرنے والی گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ سب سے کم ہونے کے باوجود بھی پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ملکوں میں آٹھواں بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ملکوں کے لئے ماحولیاتی انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے اور اسی لیے اس نے اس سال مصر میں ہونے والی کوپ 27 کانفرنس میں لاس اینڈ ڈیمیج ایجنڈے کی شمولیت کی بھرپور وکالت کی ہے۔