ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ بھارت کو روند کر فائنل میں داخل

آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چاروں شانے چت کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ پاکستان کی ٹیم سے ہوگا، تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 33 گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے چالیس گیندوں پر پچاس رنز کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے تین جبکہ کرس وواکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان 16 اوورز میں حاصل کرلیا، ایلکس ہیلز نے صرف 47 گیندوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 86جبکہ کپتان جوز بٹلر نے 49 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

-- مزید آگے پہنچایے --