وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہم عالمی دنیا کے سامنے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والی تباہیوں کا کیس پیش کر رہے ہیں، لیکن ملک میں عمران خان ایک بار پھر انتشار پھیلانے کو تیار ہے،حکومت عمران خان کے کسی بھی سیاسی دبائو میں نہیں آئے گی۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عدالت سے عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے فل کورٹ بنانے کی درخواست کی ہے، یہ اور کیا چاہتے ہیں؟ مطالبے پورے ہونے کے باوجود مظاہرے کر کے ملک میں انتشار پھیلانے کا مقصد کیا ہے؟ ان کی ایک کے بعد دوسری آڈیو لیکس اس بات کا ثبوت ہیں یہ پر امن مظاہرہ نہیں بلکہ افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پر امن مارچ سب کا حق ہے لیکن انتشار کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، عمران خان پر حملے کی سب نے مذمت کی ہے لیکن یہ اب اس واقعے کو بنیاد بنا کر حکومت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کر رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت عمران خان کے کسی بھی سیاسی دبائو میں نہیں آئے گی۔